ہر کلمہ گو کے لیے جنت
سوال:
لوگوں میں عام طور پر یہ خیال پایا جاتا ہے کہ جس نے کلمہ پڑھ لیا، وہ جنت میں ضرور جائے گا، کیا یہ بات صحیح ہے؟
جواب:
اصولاً تو یہ بات بالکل صحیح ہے کہ جس نے کلمہ پڑھ لیا، وہ ان شاء اللہ ضرور جنت میں جائے گا، لیکن اس بات کا مطلب کیا ہے؟ کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ جس نے زندگی میں ایک دفعہ بے خیالی سے کلمہ پڑھ لیا، وہ جنت میں جائے گا یا اس کا مطلب یہ ہے کہ جس نے زندگی میں دکھاوے کے لیے کلمہ پڑھ لیا ،وہ جنت میں جائے گایا اس کا مطلب یہ ہے کہ جس نے زندگی میں ایک دفعہ اخلاص کے ساتھ کلمہ پڑھ لیا خواہ اس کے بعد وہ زندگی بھر کلمہ کی مخالفت ہی کرتا رہے اور زندگی اس کے خلاف ہی گزارتا رہے، وہ ضرور جنت میں جائے گا یا اس کا مطلب یہ ہے کہ جس نے اخلاص کے ساتھ کلمہ پڑھا، پھر وہ اس پر قائم رہا (خواہ اس سے چھوٹے موٹے گناہ بھی ہوئے ہوں) تو ایسا شخص جنت میں ضرور جائے گا۔ ہمارے خیال میں یہ آخری بات ہی صحیح بات ہے۔ کلمہ کو پڑھنے کا مطلب ہی یہ ہے کہ یہ اخلاص کے ساتھ ہمیشہ کے لیے پڑھا گیا ہو۔ خدا کو مخلص کلمہ گو ہی پسند ہے، غیر مخلص کلمہ گو پسند نہیں۔