کیا رسالت جاری ہے؟
سوال:
نبی اور رسول میں کیا فرق ہے۔ میرا ایک بہائی دوست کہتا ہہے کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم آخری نبی تھے اور رسالت جاری ہے اور بہاء اللہ ایک رسول تھے۔
جواب:
نبی اور رسول میں جو فرق آپ نے بیان کیا ہے اس کی کوئی بنا قرآن وحدیث میں نظر نہیں آتی۔ یہ محض ایک قیاسی بات معلوم ہوتی ہے۔ دین میں وہی بات مانی جائے گی جس کی بنا کسی نص پر ہو۔ قرآن مجید کی بعض آیات میں نبی اور رسول بالکل مترادف کے طور پر استعمال ہوئے اور بعض سے ان کے فرق کا اشارہ نکلتا ہے۔ ہمارے استاد جناب غامدی صاحب، ان کے استاد جناب امین احسن اصلاحی صاحب نے جو فرق مرتب کیا ہے وہ یہ ہے:
نبی وہ ہے جس پر وحی آتی ہے اور وہ لوگوں کو اس وحی کی روشنی میں اللہ کی تعلیمات سے آگاہ کرتا ہے۔ رسول وہ ہے جو صرف تعلیمات ہی سے آگاہ نہیں کرتا بلکہ یہ وعید بھی سناتا ہے کہ اگر مجھ پر ایمان نہ لائے تو اس جرم کی پاداش میں تمھیں سزا بھی ملے گی۔ اس سے یہ بات واضح ہے کہ ہر رسول نبی ہوتا ہے لیکن ہر نبی رسول نہیں ہوتا۔ مکی سورتوں کے مطالعے سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی قوم انکار کے اس انجام سے باربار خبردار کیا۔ لہذا ہمارے ان اساتذہ کی تحقیق کے مطابق محمد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے نبی بھی تھے اور اللہ کے رسول بھی تھے۔ نبی ہوئے بغیر رسول ہونے کا کوئی تصور نہیں ہے۔