قرآن فہمی کے متعلق اختلاف راے
سوال:
جاوید احمد صاحب غامدی علامہ پرویز صاحب کی قرآن فہمی سے کس حد تک متفق ہیں ؟ علماے کرام نے پرویز صاحب پر کفر کے بہت فتوے لگائے تھے ، غامدی صاحب کی پرویز صاحب کے بارے میں کیا راے ہے ، کیا وہ صحیح تھے یا غلط؟
جواب:
معاملہ یہ ہے کہ غامدی صاحب اور پرویز صاحب کی قرآن فہمی میں کوئی اتفاق نہیں ہے۔ ان دونوں حضرات کے قرآن فہمی کے اصولوں میں زمین و آسمان کا فرق ہے۔ غامدی صاحب نے اپنے قرآن فہمی کے اصولوں کو اپنی کتاب ''میزان'' کے باب ''اصول ومبادی''میں ''مبادی تدبر قرآن'' کے عنوان کے تحت تفصیل کے ساتھ بیان کردیا ہے، انھیں آپ وہاں دیکھ سکتے ہیں اور پرویز صاحب نے اپنی تفسیر ''مفہوم القرآن'' کی ابتدا میں اپنے اصولوں کو بیان کیا ہے۔ ان دونوں حضرات کے اصولوں میں پائے جانے والے ایک بنیادی فرق کو میں یہاں بیان کر دیتا ہوں۔
غامدی صاحب کے نزدیک قرآن فہمی کے لیے ضروری ہے کہ قرآن کے الفاظ کے وہی معنی لیے جائیں جو نزول قرآن کے زمانے میں عربوں میں مستعمل تھے، جبکہ پرویز صاحب کے نزدیک کسی لفظ کے معنی اس کے مادے سے طے کیے جائیں گے۔
تفصیل کے لیے آپ ان دونوں حضرات کی قرآن فہمی سے متعلق کتب کا مطالعہ کر سکتے ہیں۔
ہمارے نزدیک کسی پر کفر کا فتویٰ لگانا درست نہیں ہے۔ ہم دوسرے کی آرا سے اختلاف کر سکتے ہیں۔ اس کے خیالات کو غلط قرار دے سکتے ہیں، لیکن کسی کو کافر کہنے کا حق ہمیں حاصل نہیں۔ہمارے نزدیک دین کے معاملے میں پرویزصاحب کی کئی آرا یکسر غلط تھیں۔