سکول کے بچوں کو جنسی تعلیم
سوال:
ہائی سکول کے بچوں کو سیکس کی تعلیم دینے سے متعلق آپ کی کیا رائے ہے؟ اسلامی شریعت اس کے بارے میں کیا کہتی ہے؟
جواب:
بچوں کی تعلیم کے دو مقاصد ہیں ایک دنیوی اور ایک دینی۔ دینی مقصد یہ ہے کہ بچے اپنے دین سے اچھی طرح آگاہ ہوں۔ انھیں معلوم ہو کہ اصل میں یہ دنیا امتحان کی جگہ ہے جو اس میں کامیاب ہوگا وہ آخرت میں اجر پائے گا اور جو اس میں ناکام ہوگا اسے سزا ملے گی۔ دین کی تمام تعلیمات دراصل اسی امتحان میں کامیابی کو پیش نظر رکھ کر دی گئی ہیں۔
دنیوی مقصد دو ہیں ایک یہ کہ بچے اپنے بڑوں کے علم، عمل اور روایات کے امین بنیں اور دوسرا یہ کہ وہ اپنی زندگی گزارنے کے لیے کوئی صلاحیت پیدا کر لیں۔
جنس کی تعلیم ظاہر ہے اس دنیوی مقصد ہی کے ذیل کی چیز ہے۔ اس میں شبہ نہیں کہ اس حوالے سے ٹوٹکوں معالجوں اور تصورات کی صورت میں بہت سی غلط چیزیں رائج ہیںاور اس کے لیے مناسب رہنمائی کا اہتمام ہونا چاہیے۔
رہا دین تو وہ ہمیں ہماری دنیا کے مسائل کا حل سکھانے نہیں آیا۔ اس میں ہمیں اپنی عقل پر اعتماد کرنا ہے۔ اوپر بیان کردہ دونوں مقاصد کو سامنے رکھتے ہوئے ہمیں ہی طے کرنا ہے کہ سیکس کی تعلیم کا مناسب وقت اور تدبیر کیا ہے۔
ہمارا خیال یہ ہے کہ سکول کے بچوں کو یہ تعلیم اپنے اندر کچھ مفاسد رکھتی ہے۔ اس کے لیے کوئی دوسری صورت اختیار کرنی چاہیے۔