شخصیات پر تبصرہ

سوال:

جیسا کہ آ پ کو معلوم ہے کہ طاہر القادری صاحب آجکل پاکستان آئے ہوئے ہیں۔ جو کچھ وہ کر رہے ہیں یہ بھی آپ جانتے ہیں۔ میرا سوال ہے کہ کیا طاہر القادری قرآن پاک اور حدیث کے مطابق مسلمان ہیں؟ کیا قادری صاحب پر یقین کیا جا سکتا ہے؟ کیا ہم بچوں کو اسلامی تعلیمات کے لئے منہاج القرآن سکول بھیج جا سکتے ہیں؟


جواب:

ہم اس بات کو درست نہیں سمجھتے کہ کسی خاص شخصیت پر رائے دی جائے۔ ہم آراء کو زیر بحث لا سکتے ہیں افراد کو نہیں۔ جہاں تک آپ کے اس سوال کا تعلق ہے کہ قادری صاحب مسلمان ہیں کہ نہیں ہم سمجھتے ہیں کہ اس بات کا فیصلہ قادری صاحب کے بیان کے مطابق ہونا چاہیے۔ ہمارے علم میں ہے کہ وہ نہ صرف اسلام کا اقرار کرتے ہیں بلکہ اس دین کی خدمت میں لگے ہوئے ہیں۔ اس سلسلہ میں انہوں نے علم اور سیاست کا میدان چنا ہے۔ کسی کی آراء سے اختلاف تو ممکن ہے مگر اس کے اسلام اور ایمان پر بحث جائز نہیں ہے۔

ان کی کس بات پر یقین کیا جائے اور کس پر نہیں یہ بات بھی ہر فرد کو خود طے کرنا چاہیے۔ وہ اس معاملہ میں علم اور اخلاق کے آفاقی اصولوں سے کام لے۔

جس طرح بہت سے دیگر سکولز ہیں اسی طرح منہاج القرآن بھی تعلیم کے شعبہ میں سرگرم ہے۔ یہ بلا شبہ بڑی خدمت ہے اور اگر وہ بچوں کو خاص مذہبی فکر پر مجبور نہیں کرتے تو پھر ان سکولز اور کالجز میں تعلیم حاصل کرنا کسی لحاظ سے ناجائز نہیں۔

answered by: Tariq Mahmood Hashmi

About the Author

Answered by this author