شیعہ حضرات سے بنیادی اختلاف
سوال:
غامدی صاحب کے نزدیک مسلمانوں کا اور شیعہ حضرات کا اصل اختلاف امامت کا ہے، لیکن میرے نزدیک یہ ایک جزوی اختلاف ہے، میرے خیال میں ان کے ساتھ توحید، رسالت، ارکان اسلام، بلکہ اسلام کے ہر حکم پر شدید نوعیت کے اختلافات ہیں۔
جواب:
شیعہ حضرات سے ہمارا اصل اختلاف امامت ہی کا ہے، کیونکہ باقی اختلافات تو اُس کی کوکھ سے جنم لیتے ہیں، جیسا کہ قادیانیوں کے ساتھ ہمارا اصل اختلاف ختم نبوت کا ہے۔ قادیانی اس کے علاوہ جو کچھ بھی کہتے ہیں، اپنے اس نبی کی بنیاد پر کہتے ہیں جسے وہ مانتے ہیں اور ہم نہیں مانتے۔ اسی طرح شیعہ حضرات اصلاً، امامت کی بنیاد پر کھڑے ہیں اور وہ وہیں سے اپنا استدلال پیش کرتے اور ہم سے اختلاف کرتے ہیں۔