واقعہ معراج
سوال:
میں چند سوالات عرض کرنا چاہتا ہوں۔
1۔ معراج کو سائنسی طور پر کیسے ثابت کیا جا سکتا ہے؟
2 ۔ کیا معراج کا منکر مسلمان ہے؟
3 ۔ جاگنے پر یہ کیسے معلوم ہوتا ہے کہ مجھ پر غسل واجب ہے؟
برائے مہربانی رہنمائی فرمائیے۔
جواب:
امید ہے آپ بخیر ہوں گے۔ آپ کے سوالوں کے جواب حاضر ہیں۔
1۔ معراج کو سائنسی طور پر کیسے ثابت کیا جا سکتا ہے؟
معراج کا واقعہ ایک معجزہ ہے۔ معجزہ فزیکل لاز کو توڑ کر ظاہر ہوتا ہے۔ اس لیے اسے سائنسی طور پر ثابت کرنا معجزے کی اصل کو نہ ماننا ہے۔ قرآن مجید سے معلوم ہوتا ہے کہ حضور کا یہ سفر روحانی تھا روحانی دنیا پر مادی دنیا کے قوانین لاگو نہیں ہوتے ۔ یہاں یہ بات واضح رہے کہ معجزات خدا کی قدرت اور مداخلت کا مظہر ہوتے ہیں۔ سائنس کے قوانین کو اٹل ماننے والا درحقیقت خدا کے حی و قیوم ہونے کا انکار کرتا ہے۔
2 ۔ کیا معراج کا منکر مسلمان ہے؟
معراج کے انکار کا مطلب یہ ہے کہ یہ شخص مذہب کو بطور مذہب نہیں پہچانتا ۔ اس کی اصلاح کی ضرورت ہے۔ یہ کم از کم اس خطرے سے ضرور دوچار ہے کہ قیامت کے دن اس کا ایمان اپنی قیمت نہ پا سکے۔
3 ۔ جاگنے پر یہ کیسے معلوم ہوتا ہے کہ مجھ پر غسل واجب ہے؟
اگر خواب یاد ہو اور اس میں انزال ہوا ہو یا خواب تو یاد نہ بو لیکن کپڑوں پر انزال کے داغ ہوں تو غسل واجب ہے۔